لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع میں حلقہ بندی کمیٹیوں نے 50 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ پنجاب ویلج اینڈ پنچایت ایکٹ اور نیبرہوڈ کونسل ایکٹ کے تحت 25 ہزار 2 سو چالیس بلدیاتی حلقہ بندیاں کی جا رہی ہیں۔
الیکشن کمیشن افسران 21 اگست 2020ء تک حلقہ بندی کی عبوری فہرست شائع کرینگے جبکہ شہری 22 اگست سے 6 ستمبر تک اعتراضات جمع کروا سکتے ہیں۔
اس کے بعد 5 اکتوبر 2020ء تک اعتراضات پر فیصلے جاری کئے جائیں گے۔ 13 اکتوبر 2020ء کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ حلقہ بندیوں کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن کی 9 مانیٹرنگ ٹیمز تشکیل دی جا چکی ہیں۔