اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام مکمل ہونے کے بعد حتمی انتخابی فہرستوں کے اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق ملک بھر میں رائے دہندگان کی کل تعداد 11 ساڑھے کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 36,371,326 خواتین رائے دہندگان کی تعداد 29,862,932 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 1,886 ہے۔
اس طرح پنجاب کے کل رائے دہندگان کی تعداد 66,236,144 ہے۔ سندھ میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 13,443,983 خواتین رائے دہندگان کی تعداد 10,907,267 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 431 ہے۔
اس طرح سندھ کے کل رائے دہندگان کی تعداد 24,351,681 ہے۔ خیبر پختونخوا میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 11,076,630، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 8,457,201 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 133 ہے۔ اس طرح خیبر پختونخوا کے کل رائے دہندگان کی تعداد 19,533,964 ہے۔
بلوچستان میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 2,753,946، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 2,047,104 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد81 ہے۔ اس طرح بلوچستان کے کل رائے دہندگان کی تعداد 4,801,131 ہے۔
اسلام آباد میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 432,731، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 393,095 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 7 ہے۔ اس طرح اسلام آباد کے کل رائے دہندگان کی تعداد 825,833 ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 64,078,616، خواتین رائے دہندگان کی تعداد 51,667,599 اور خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 2,538 ہے۔ اس طرح پاکستان کے کل رائے دہندگان کی تعداد 115,748,753 ہے۔
واضح رہے جنرل الیکشن 2018ء کے وقت رائے دہندگان کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی جس میں 97 لاکھ 93 ہزار 344 کے اضافہ کے بعد اب کل تعداد 11 کروڑ 57 لاکھ 48 لاکھ 753 ہو گئی ہے۔
حتمی انتخابی فہرستیں مورخہ 4 اکتوبر 2020ء سے عوام کے معائنہ کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر، رجسٹریشن آفیسروں کے دفاتر میں آویزاں کر دی جائیں گی۔
رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8300 شارٹ میسج سروس کو اپڈیٹ کر دیا ہے، لہذا رائے دہندگان حتمی انتخابی فہرستوں کے مطابق اپنے ووٹ کے اندراج کو اس سروس کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔
رائے دہندگان اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات کے علاوہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر کا رابطہ نمبر، الیکشن کمیشن کی ہیلپ لائن کا نمبر اور الیکشن کمیشن کا ویب سائٹ لنک کی تفصیل بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
ویب سائٹ سے فارم 21 برائے اندراج/ منتقلی ووٹ، فارم 22 برائے اعتراض حذف ووٹ اور فارم 23 برائے کوائف درستگی بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ فارم رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں جمع کروائے جا سکیں گے۔