وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا

Published On 23 October,2020 02:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں نوازشریف کی واپسی اور مہنگائی سمیت معاملات پر مشاورت ہو گی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم پارٹی ترجمانوں اوررہنماؤں کو گائیڈ لائنز دیں گے، اجلاس میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے واقعہ پر بریفنگ دی جائے گی اور نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی بات ہو گی، مہنگائی کیخلاف حکومتی اقدامات اور انتظامات پر شرکا کو بریفنگ دی جائے گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، گوجرانوالہ اور کراچی کے کامیاب جلسوں کے علاوہ ملک میں شدید مہنگائی، آٹا اور چینی بحران سمیت مسائل نے حکومت کوپریشان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن(ر)صفدر کی کراچی میں گرفتاری اور آئی جی سندھ کے مبینہ اغوا پر عمران خان کو ہدف تنقید کا نشانہ بنایا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی واقعہ کے بعد عمران خان کہاں ہیں؟ ثابت ہو گیا یہ بڑوں کی لڑائی ہے، کیپٹن صفدر کا وارنٹ تھا، پھر خاتون کے کمرے کا تالہ کیوں توڑا گیا؟ جمہوریت میں حکومت اور عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے، کسی اور سے اپیل بھی نہیں کرنی چاہیے۔

 

Advertisement