لاہور: (دنیا نیوز) جڑانوالہ اور وہاڑی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے دو آزاد امیدوار مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق جڑانوالہ سے چودھری خضر عباس جٹ اور وہاڑی سے آزاد امیدوار قومی اسمبلی رانا صغیر احمد گڈو نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک کو ایک نظریہ پر متفق ہونا ہوگا، تبھی مسلمانوں کو دنیا میں اپنا مقام حاصل ہوگا۔ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے، دنیا کو اسلاموفوبیا سے نکلنا ہوگا۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ دنیا کا امن اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہی قائم رہ سکتا ہے۔ امت مسلمہ گستاخانہ خاکوں کو ہٹانے اور معافی مانگنے تک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دروازے ہر محب وطن اور عوام کی خدمت کرنے والوں کیلئے کھلے ہیں۔ پاکستان کو پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے ہم اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں نبی احمد جٹ، رائے عثمان جٹ، سمیرا ساہی اور رانا آصف پومی بھی موجود تھے۔