لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق وفاق کی سوشل میڈیا ٹیم کی شکایات بھی فیاض الحسن چوہان کی وزرات اطلاعات سے محرومی کا باعث بنی۔ وزیراعظم کے دورہ لاہور میں ان کیخلاف شکایات کے انبار لگائے گئے تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم اکثر اجلاسوں میں فیاض الحسن چوہان کی پرفارمنس کی تعریف کرتے رہے۔ ترجمانوں کے اکثر اجلاسوں میں وہ فیاض الحسن چوہان کی مثال دوسرے وزرا کو دیتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی فیاض الحسن چوہان کی وزارت اطلاعات سے علیحدگی کے حامی تھے جبکہ صوبائی کابینہ کے سینئر وزرا بھی تحفظات رکھتے تھے۔
وزرا کے تحفظات تھے کہ فیاض الحسن چوہان حکومت کی کم اور اپنی پروجیکشن زیادہ کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا میں ان کی مداخلت زیادہ ہونے پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فیاض الحسن چوہان سوشل میڈیا ٹیم میں اپنے لوگ ایڈجسٹ کرنا چاہتے تھے۔ سیف اللہ نیازی کی جانب سے بھی سابق وزیر اطلاعات بارے شکایات کی گئیں۔