لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف خاندان کے خلاف ایک اور وعدہ معاف گواہ کا بیان منظر عام پر آگیا۔ ملزم شاہد رفیق نے شہباز فیملی کے لیے منی لانڈرنگ کا اعتراف کر لیا۔
ملزم شاہد رفیق نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اس نے 24 لاکھ 30 ہزار 145 امریکی ڈالرز کی ٹی ٹیز لگوائیں، تمام رقم کی ٹی ٹیز حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور رابعہ عمران کے اکاؤنٹس میں لگوائی گئیں اور یہ تمام رقم پاکستان سے برطانیہ ارسال کی گئی۔ وعدہ معاف گواہ شاہد رفیق کے بیان کے مطابق پاکستان میں رقم قاسم قیوم، مختار احمد اور محمد رفیق فراہم کرتے تھے۔
وعدہ معاف گواہ شاہد رفیق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور اس کا سٹاف کمیشن دیتا تھا جو وہ ماڈل ٹاؤن سے وصول کرتا رہا جبکہ آفتاب احمد برطانیہ سے بینک الفلاح سرکلر روڈ میں حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور رابعہ عمران کے اکاؤنٹس میں پیسے بھیجتا تھا۔ وعدہ معاف گواہ شاہد رفیق نے اپنے بیان میں استدعا کی ہے کہ اس نے سچائی بیان کر دی اب اسے معاف کر دیا جائے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔