اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے فراڈ کے الزام میں سابق گورنر گلگت بلتستان میرغضنفر کے بیٹے پرنس سلیم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملزم کا چار روزہ راہداری ریمانڈ دیدیا۔
نیب کی جانب سے پرنس سلیم کو نیشنل بینک سے پچاس ملین روپے فراڈ کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔ پرنس سلیم کو احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر نیب راولپنڈی کے ریجنل بیورو گلگت منتقل کیا جائے گا۔
پرنس سلیم پر سلک روٹ نامی پرائیویٹ کمپنی کے وائس چیئرمین کی حیثیت میں کرپشن کا الزام ہے۔ پرنس سلیم نے جعلی دستاویزات پر نیشنل بینک سوست برانچ سے پچاس ملین کا قرض لیا۔ پرنس سلیم کو بارہا طلب کئے جانے کے باوجود وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
نیب ٹٰیم نے پرنس سلیم کو احتساب عدالت پیش کرتے ہوئے ملزم کے سات روزہ راہداری ریماںڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم عدالت نے چار روزہ راہداری ریمانڈ دیتے ہوئے انھیں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ملزم کی جانب سے وکیل اسامہ خالد ایڈوکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ ان کے موکل کو دس سال پرانے کیس میں نیب نے گرفتار کیا ہے۔ عزت دار شخص کو بلاوجہ گرفتار کرکے عزت اچھالی جا رہی ہے۔