جب تک جعلی حکومت موجود، ملک نہیں چلے گا: مریم نواز شریف

Published On 18 November,2020 04:47 pm

مانسہرہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آنے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ ڈھائی سال پہلے کیے گئے وعدوں پر سوال کریں تو جواب ملتا ہے کہ ہمارے پاس الہ ٰ دین کا چراغ نہیں ہے۔

مریم نواز نے یہ بات مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انتظامیہ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود ‘’سلیکٹڈ’’ نہیں جیت سکا، صرف8 سیٹیں ملیں جو مسلم لیگ (ن) کے توڑے امیدواروں کی مرہون منت ہیں۔ گلگت بلتستان میں نواز شریف کا بیانیہ گھونج رہا تھا جس نے حکمرانوں کی سیاست کو دفن کر دیا ہے، ان کے بیانیے کی وجہ سے حکومت کو مینڈیٹ نہیں، صرف بیساکھیاں ملیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک جعلی حکومت ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا، سستی ادویات نہیں مل سکتیں، آٹا اور چینی چوری نہیں رکے گی، عوام پر مصیبتیں آتی رہیں گی اور ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔

 

Advertisement