اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب مسلسل شہباز شریف کی پے رول رہائی پر سیاست کر رہی ہیں، پے رول کا قانونی طریقہ کار ہے جس کے تحت چلنا ہوتا ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پے رول کے قانونی طریقے کے مطابق رہائی ہوگی، ن لیگی درباری میت پر سیاست کر رہے ہیں، جو جیل میں ہیں انہیں نکالنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو آزاد گھوم رہے ہیں وہ جنازے میں آنا نہیں چاہتے، میاں مفرور اور ان کے بیٹے تو آزاد ہیں کیوں نہیں آ رہے ؟ جنازے میں آئیں انہیں ہر قسم کی سہولت مہیا کی جائے گی، بیماری اور اموات پر سیاست بند ہونی چاہیے۔
یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی والدہ مرحومہ کا جسد خاکی جمعرات کو لندن سے پاکستان روانہ کیا جائے گا، مرحومہ کا جسد خاکی ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گا، مرحومہ بیگم شمیم اختر کی تجہیز وتکفین کیلئے انتظامات شروع کر دئیے گئے۔