سیاست، سیاسی میدان میں کریں، مذہب پر نہ کریں: مولانا طاہر اشرفی کا اپوزیشن کو مشورہ

Published On 02 December,2020 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے اپوزیشن رہنماؤں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذہب کے نام پر سیاست نہ کریں۔

مولانا طاہر اشرفی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی انتھک کاوشوں کے باعث مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی فورمز پر اجاگر ہوا۔ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر، فلسطین اجاگر ہونا اور اسلاموفوبیا کے خلاف آواز خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کا حل مسلم امہ کی پہلی ترجیح ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کچھ لیڈر پاکستان میں لیبیا جیسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ بد اعتمادی پیدا کرنے والے ناکام ہوں گے۔ ایسے لیڈر سلامتی کے اداروں اور عوام کے درمیان بد اعتمادی پیدا کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے اپنی پریس کانفرنس میں والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
 

Advertisement