بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو فوری بند کرے، پاکستان کا مطالبہ

Published On 03 December,2020 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو فوری بند کرے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطین کشمیر سمیت متعدد ایشوز زیر غور آئے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار ربریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا جو وسیع البنیاد کثیر الجہتی اور جامع سیاسی حل پر اختتام پذیر ہوگا اور پرامن مستحکم اور خوشحال افغانستان کی راہ ہموار کرے گا۔

ترجمان نے تہران میں ایرانی سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت کی۔ محسن فخری زادہ کے خاندان کے افراد اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ صبر وتحمل سے کام لینے اورعلاقے میں کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنے پر زور دیتا ہے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سنگین صورتحال کو بیان کرتے ہوئے ترجمان نے عالمی برداری سے کہا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم رکوانے کےلئے تمام حربے استعمال کرنے چاہیے۔

انہوں نے بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے حوالے سے بھارت کے خلاف ہمارے ٹھوس ثبوتوں پر واضح لائحہ عمل اختیار کرے۔
 

Advertisement