اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ثبوت ڈوزئیر کی شکل میں پیش کیے، بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ افغانستان اہمیت کا حامل تھا، پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی بہت واضح ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
زاہد حفیظ کا کہنا تھا نومبر میں بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 14 کشمیریوں کو شہید کیا، گزشتہ ایک سال میں 300 سے زائد کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکتا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عالمی اداروں نے بھی تصدیق کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی مہم چلا رہا ہے، آر ایس ایس اور ہندوتوا کے نظریات سے بھارت میں اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں۔