سرکاری کارپوریشنز میں اصلاحات کا پروگرام ناکام، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہاتھ جوڑ لیے

Published On 26 November,2020 03:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کیا جانا والا سرکاری کارپوریشنز کی اصلاحات کا پروگرام ناکام ہوگیا۔ حکومتی عدم توجہ کے باعث نقصانات کم ہونے کے بجائے کئی گنا بڑھ گئے۔

 حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 2014 سے 2019 تک سرکاری کارپوریشنز کی اصلاحات کا پروگرام شروع کیا، تاہم یہ منصوبہ ادھورا ہی رہا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق سرکاری کارپوریشنز کے نقصانات ختم کر کے ان کا منافع 20 فیصد بڑھانا تھا جس کے لیے بینک نے 30 کروڑ ڈالر بھی مختص کیے۔ اصلاحات تو نہ ہوئیں البتہ کارپوریشنز کے نقصانات 1300 ارب تک پہنچ گئے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی دستاویز کے مطابق پروگرام کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کم جبکہ سٹیل ملز، ریلوے اور پی آئی اے کے خسارے کو ختم کرنا تھا۔ حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے ان اداروں کی نجکاری ہو سکی نہ ہی نقصانات کم کرنے کے لیے اقدامات ہوئے اور اب یہ نقصانات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔