اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے افغان فریقین کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان دوحہ میں مختلف افغان فریقین کے مابین رولز اینڈ پروسیجرز کے حوالے سے معاہدے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس معاہدے سے فریقین کے بات چیت کے ذریعہ حل کی تلاش کے عزم کی عکاسی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امن مذاکرات کے طریقہ کار پر طالبان اور افغان حکومت متفق
انہوں نے کہا کہ معاہدہ ایک کامیاب اور نتیجہ خیز بین الافغان مذاکرات کی جانب اہم پیش رفت ہے جس کے لیے ہم پرامید ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات ایک وسیع البنیاد، کثیر جہتی حل پر اختتام پذیر ہوں گے۔ اس سے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا راستہ ہموار ہوگا۔