العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز: نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری

Published On 04 December,2020 01:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے نواز شریف کی اپیلوں پر 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

 عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو عدالت پیش ہونے کا بار بار موقع دیا گیا مگر وہ نوٹسز، وارنٹ گرفتاری اور اشتہارات کے باوجود پیش نہ ہوئے لہذا سابق وزیراعظم کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اشتہاری قرار دیا جاتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس کیس میں ضامنوں راجہ رب نواز عباسی اور سخی محمد کو شو کاز نوٹس جاری کئے ہیں اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف 87 سی آر پی سی کے تحت کارروائی مکمل ہے ۔ 

واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے گزشتہ ماہ نوازشریف کو غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں اشتہاری قرار دیا تھا جبکہ رواں ستمبر میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں بھی سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔