قصور: (دنیا نیوز) قصور میں غربت جیت گئی، معصوم زندگیاں ہار گئیں، غربت سے تنگ بیروزگار باپ نے اپنے پانچ بچوں کو نہر میں پھینک دیا، ریسکیو نے 3 کمسن لڑکیوں اور دو لڑکوں کی لاشیں نکال لیں، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔۔
تفصیلات کے مطابق غربت بھوک اور افلاس نے مزید پانچ جانیں نگل لیں، قصور میں بیروزگاری سے متاثر شخص نے اپنے ہی بچوں کی جان لے لی۔ محمد ابراہیم ایک ہفتے سے بیروزگار تھا، بیوی بھی ناراض ہوکر میکے چلی گئی۔
شہری اپنے پانچ بچوں کو لیکر بی ایس لنک نہر پہنچ گیا، پہلے زاروقطار رویا، پھر تین بیٹیوں اور دو بیٹوں کو نہر میں پھینک دیا،
راہگیروں کی اطلاع پر ریسکیو آئی اور بچوں کی لاشیں نکال لیں، مرنے والوں میں ایک سال کا محمداحمد، تین سالہ تاشہ، چارسال کی فائزہ، پانچ سالہ زین اور7سال کی معصوم نادیہ شامل ہے۔
ڈی پی او قصور کا کہناہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا، تفتیش جاری ہے۔ جبکہ دوسری طرف افسوس ناک واقعے پر علاقے کی فضا بھی سوگوار ہے۔