پشاور: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عسکری ونگ اور رضا کاروں میں فرق ہوتا ہے، ڈنڈے کا نہ تو کوئی لائسنس ہوتا ہے نہ ہی رجسٹریشن، جے یو آئی کے رضا کار دستور کے مطابق الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں۔
سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے وزارت داخلہ کے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عسکری گروہوں سے متعلق مراسلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مراسلے سیاسی دباؤ کیلئے ہوتے ہیں، ہماری جماعت نے ہمیشہ پر امن رہنے کا ثبوت دیا ہے، جس کی تازہ مثال آزادی مارچ ہے۔
یاد رہے وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں سیاسی و مذہبی عسکری گروہوں کے خلاف فوری کارروائی کیلئے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ان عسکری گروہوں نے باقاعدہ یونیفارم پہن رکھی ہے، ان گروہوں کے اہلکاروں نے رینکس کے بیجز لگا رکھے ہیں، ایسے عسکری گروہوں کا قیام نیشنل ایکشن پلان کی شق 3 کی خلاف ورزی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ یہ عسکری گروہ آئین کے آرٹیکل 256 کے منافی بھی ہیں، ایسے گروہ ملک کے وقار اور ساکھ کیلئے نقصان دہ ہے، صوبائی حکومتیں ایسے عسکری گروہوں کا خاتمہ یقینی بنائیں، وفاق تعاون کرے گا۔