لاہور: (دنیا نیوز) حکومت مخالف تحریک میں مزید تیزی لانے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مرکزی فیصلہ سازکمیٹیوں کا ہنگامی مشترکہ اجلاس طلب کر لیا۔ 8 دسمبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مرکزی فیصلہ سازکمیٹیوں کا ہنگامی مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو (سی ای سی) اور سینٹرل ورکنگ (سی ڈبلیو سی) کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس 14 دسمبر کو ہوگا۔ سی ای سی اور سی ڈبلیو سی کا مشترکہ اجلاس لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ہوگا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے 8 دسمبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی کی منظوری بھی دی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان کے مطابق اجلاس میں ووٹ چور حکومت کو اقتدار سے نکال باہر کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، آٹا چینی ووٹ چور حکومت سے عوام کی نجات کے فیصلہ کن مرحلے میں فیصلہ کن فیصلے ہوں گے۔