پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، دو نئے وزیر حلف اٹھائیں گے

Published On 14 December,2020 04:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کل بروز بدھ دو نئے وزرا اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان وزرا کے نام سید یاور عباس بخاری اور خیال کاسترو ہیں جن سے کل حلف لیا جائے گا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور وزرا سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق عون چودھری کی حکومت میں واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے انھیں وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا ہے۔ عون چودھری معاون خصوصی برائے سیاسی امور کا قلمدان سنبھالیں گے۔ خیال رہے کہ ابھی گزشتہ ماہ ہی پنجاب کابینہ میں ردوبدل کیا گیا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات بنا دیا گیا تھا۔ فردوس عاشق اعوان کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرتے ہوئے انھیں محکمہ اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

ان کے علاوہ پنجاب کابینہ میں مزید ردوبدل کرتے ہوئے مزید دو وزرا مہر اسلم اور زوار حسین کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ مہر محمد اسلم کے پاس کوآپریٹوز جبکہ زوار حسین وڑائچ کے پاس جیل خانہ جات کی وزارت تھی۔