لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے مینار پاکستان جلسے پر ایف آئی آر کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی ایف آئی آر تاریخی جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہے، وزیراعظم اور کرائے کے ترجمانوں کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جلسہ چھوٹا دکھانے کے پراپیگنڈے میں بدترین ناکامی پر اب یہ جھوٹا پرچہ درج کیا گیا، عمران صاحب پارلیمنٹ کے جنگلے توڑنے پر پرچہ تو آپ پر درج ہونا چاہئے، پرچے کاٹ کر آپ نے اپنی فسطائی، آمرانہ اور غیر جمہوری سوچ کو مزید بے نقاب کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کی مسلم لیگ (ن) کے قائدین پر ایف آئی آر ان کی گھبراہٹ اور خوف کا ثبوت ہے، عمران صاحب جھوٹی ایف آئی آرز کے پیچھے چھپنے سے آپ کا جعلی مینڈیٹ بچ نہیں سکتا، جھوٹی ایف آئی آرز، ترجمانوں اور اشتہاروں پر چلتی ناجائز حکومت مینار پاکستان جلسے سے ہل گئی ہے، جھوٹے مقدمات بنانے سے عوام آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔