پاکستان میں رہنے والے اقلیتی پاکستانی شہری ہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

Published On 15 December,2020 07:47 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے اقلیتی پاکستانی شہری ہیں، اقلیتوں کو آئین اور قانون نے جو حق دیا ہے اسے ہر کسی کو تسلیم کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی کونسلز میں مذہبی قائدین کے ساتھ نوجوانوں کو بھی شامل کریں گے۔ سب کو مل کر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے کام کرنا ہے۔ اسلام امن، سلامتی اور اعتدال کا درس دیتا ہے۔ اسلام کے نام پر جبری شادیوں اور مذہب کی تبدیلی کے واقعات کا کیس ٹو کیس جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ غیر مسلموں کی بیٹیاں بھی مسلمانوں کی بیٹیوں کی طرح محترم اور قوم کی بیٹیاں ہیں۔ قانون توہین ناموس رسالت انسانیت کا محافظ ہے، اگر کہیں کوئی اس قانون کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کو علماء و مشائخ حکومت سے مل کر روکیں گے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں کا کردار بھی ہے۔ پاکستان کے آئین ودستور نے سب کے حقوق متعین کر رکھے ہیں۔ رسول اکرم ﷺ تمام کائنات کیلئے رحمت ہیں۔ شریعت اسلامیہ مسلمانوں کے اکثریت والے ملک میں غیر مسلموں کے تحفظ کا حکم دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم نوجوانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہم اقلیتوں سے منسلک تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر وقت کوشاں ہیں۔