راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ پاک چین فضائیہ کی مشترکہ مشقیں دوطرفہ تعاون اور دوستی کے فروغ کا باعث بنیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاک چین مشترکہ مشقوں شاہین 9 کے معائنہ کیلئے پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا ایئر چیف مجاہد انور خان نے استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشقیں دونوں فضائی افواج کوایک دوسرے کےتجربات سے استفادہ کا شاندارموقع ہے۔
چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے فضائی مشقوں میں شریک دستوں کے پیشہ وارانہ معیار کو سراہا۔ جبکہ پی اے ایف اورپیپلزلبریشن ایئرفورس کی دوطرفہ مشقوں کے موثر انعقاد کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پر جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاک چین فضائیہ کی مشترکہ مشقیں دوطرفہ تعاون اور دوستی کے فروغ کا باعث بنیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سٹرٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک چین مشترکہ فوجیں مشقیں اہم ہیں: آرمی چیف
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ ایئر بیس پہنچنے پر سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے استقبال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دونوں ممالک کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور حربی صلاحیت کو سراہا۔
میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک چین ایئر فورس کی مشترکہ فوجیں مشقیں شاہین 9 کا مشاہدہ کیا، شاہین سیریز کی پاک چین مشترکہ مشقیں 2011ء میں شروع ہوئیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مشقوں سے باہمی اشتراک، آپریشنل ہم آہنگی میں بہتری آئے گی۔ انٹر سروسز ہم آہنگی سے آپریشنل کامیابی کو تقویت ملتی ہے۔
سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی جنگی مشقوں سے دونوں ممالک کی ائیر فورس کی استعداد کار ، تجربہ سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔ مشتر کہ تربیتی مشقوں سے دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ملتی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشترکہ فضائی مشقوں سے دونوں ملکوں کی فضائیہ کی حربی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا بلند عزم دوسروں سے منفرد کرتا ہے۔ فضائی مشقوں سے دونوں ملکوں کی فضائیہ کے درمیان پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ جیو سٹرٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجیں مشقیں اہم ہیں۔