اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کی دوسری لہر بے قابو ہو گئی، مزید 80 افراد جاں بحق ہو گئے، مجموعی تعداد 9 ہزار 330 تک پہنچ گئی، 2 ہزار 615 نئے مریض سامنے آ گئے۔
این سی او سی کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک چار لاکھ 57 ہزار 288 شہری متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 553 ہو گئی۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 206 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2615 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 63 لاکھ ایک ہزار 341 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 2 لاکھ 4 ہزار 103 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 31 ہزار 428، خیبر پختونخوا 54 ہزار 948، بلوچستان میں 17 ہزار 909 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اسلام آباد میں 36 ہزار 117 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 822 کیسز سامنے آئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 ہزار 961 تک پہنچ گئی۔
این سی او سی کے مطابق چار بڑے شہروں میں تشویشناک حالت کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، ملتان میں 46 فیصد، اسلام آباد 44 فیصد، پشاور 26 فیصد اور لاہور میں 33 فیصد مریض وینٹی لیٹر ز پر ہیں۔