اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات 10 فروری سے پہلے نہیں ہوسکتے، سینیٹ کے نصف اراکین 11 مارچ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات عام طور پر مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوتے رہے ہیں، قانون کے مطابق مناسب وقت پر انتخابات کی تاریخ جاری کی جائے گی، آئین کے مطابق سینیٹ انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، سینیٹ انتخابات کا انعقاد ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، آئین اور قانون کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی خالی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، سندھ اور بلوچستان میں ضمنی الیکشن 16 فروری کو ہوں گے جب کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔