اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نیب قانون میں ترمیم کی صورت میں لکھ کر این آر او مانگا تھا۔ اپوزیشن کی ترامیم عوام کے سامنے لائی جائیں۔ شفاف انتخابات کی باتیں کرنے والےاوپن بیلٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں نیب قانون میں اپوزیشن کی ترامیم عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ترجمانوں کو اپوزیشن کی نیب قانون میں تجاویز اور سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیب ترامیم میں اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ کرپشن پر نااہلی کی سزا ختم ہو اور ایک ارب سے کم کرپشن پر نیب کارروائی نہ کرے۔ ترجمان اپوزیشن کی تجویز کردہ ترامیم عوام کے سامنے لائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا دوہرا معیار قوم کے سامنے آ گیا ہے۔ کہتے ہیں کہ ہم شفاف انتخابات کے لیے نکلے ہیں اور اوپن بیلٹ انتخابات کی مخالفت بھی کر رہے ہیں۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ وفاقی وزراء کارکردگی پر توجہ دیں۔ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں تو کابینہ کے ہر رکن کو اضافی محنت کرنا پڑے گی۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے۔