لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ فنکنشل کے سیکرٹری جنرل محمد علی درانی نے کہا ہے کہ جنگ ہو تب بھی مذاکرات کی میز پر آنا پڑتا ہے، پی ڈی ایم استعفوں کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
محمدعلی درانی نے یہ بات دنیا نیوز کے پروگرام ‘’نقطہ نظر’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ فنکشنل ہونی چاہیے۔ ٹریک ٹو مذاکرات کا ہمارے پاس پورا خاکہ تیار ہے۔ مجھے نہیں لگ رہا کہ اب استعفوں کی طرف معاملہ جائے گا۔
دوران پروگرام محمد علی درانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تیسری تجویز گرینڈ ڈائیلاگ کی دی ہے۔ اپوزیشن ڈائیلاگ کے لیے جس کو بھی چاہے شامل کر سکتی ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے جیل میں کی گئی ملاقات کا حوالیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ٹکراؤ کے حامی نہیں ہیں۔ ان کی استعفوں اور دھرنے پر مثبت سوچ ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ میں جیل کے اندر رہ کر کیسے کردار ادا کر سکتا ہوں۔
مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما کا کہنا کہ ملک میں غیر معمولی حالات ہیں۔ موجودہ صورتحال میں بات چیت کا سازگار ماحول بنانا ہوگا۔ اس اہم معاملے پر پیر پگارا حکومت سے رابطہ کریں گے۔