اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کی قیادت نے پالیسی کی خلاف ورزی پر 4 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا جن میں مولانا خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا گل نصیب اور شجاع الملک شامل ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کو پارٹی میں بغاوت کچلنے کی فکر، مخالفت کرنے والے چار رہنماوں کو جے یو آئی سے نکال باہر کیا۔ بتایا گیا ہے کہ چاروں رہنماؤں کو نکالنے کا فیصلہ پارٹی ڈسپلنری کمیٹی نے کیا، کمیٹی کے سربراہ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی کی ہدایت پر پارٹی جلد بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، کمیٹی ممبران آغاء ایوب شاہ، مولانا عبدالواسع، مولانا عبدالحکیم اکبری سمیت دیگر نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا۔
کمیٹی کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی اور رہنما نکالے گئے چاروں رہنمائوں کے ساتھ پارٹی نظم کے خلاف کسی سرگرمی میں شریک ہو گا تو اس کی رکنیت بھی ختم کردی جائے گی۔