اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ فضل الرحمان پر تنقید کرنیوالوں کو پارٹی سے نکالنا آمریت ہے، فیصلے نے ثابت کر دیا جے یو آئی میں ڈکٹیٹر شپ مسلط ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تنقید برداشت نہ کرنیوالوں نے قوم کو دکھا دیا وہ کتنے جمہوری ہیں، دوسروں کو اسلام کی مثالوں کے حوالے دینے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا اسلام میں سوال پوچھنے پر ایسا ہی سلوک کیا جاتا ہے؟ آپ کی جماعت میں آزادی اظہار کا یہ عالم ہے ؟ عہدے بھائیوں اور چہیتوں میں بانٹ کر جماعت پر جمہوریت کا لیبل چپکانے سے لوگوں کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔
ادھر معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں نیشنل ڈائیلاگ ہو لیکن یہ باپ بیٹی ملک دشمن ایجنڈے پر ہیں، پیپلزپارٹی پر تمام مقدمات ان کے والد اور چچا نے بنائے، مولانا بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بننا چاہتے ہیں، ان کے استعفوں کو ٹھنڈ لگ گئی۔
شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر نے بے ہنگم پریس کانفرنس کی، جس پارٹی کو چور کہا اسی پارٹی کے فنکشن پر جا رہی ہیں، ان کے چچا نے کہا پیسے پھاڑ کر پیسے نکالوں گا، پہلے یہ کچھ اور کہ رہی تھیں، آج انہوں نے کہا الیکشن میں جانے سے متعلق پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی، ان کے دو ارکان استعفیٰ دے کر غائب ہیں۔