سپریم کورٹ: سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

Published On 06 January,2021 04:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی نے ریمارکس دیے کہ پورے ملک کی ڈکیتیاں ایک طرف اور یہ مقدمہ ایک طرف ہے لوگوں کوسردرد کی دوائی تک نہیں مل رہی،ایسے حالات میں کرپشن کے ملزمان کیلئے دل کیسے بڑا کریں؟

جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی ، ملزم کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا عدالت ملزمان کیساتھ ہونے والی ذیادتی کو بھی دیکھے۔

جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی بولے آپ چوری ڈکیتی کے ملزمان کے مقدمات کے حوالے دے رہے، وائٹ کالر کرائم کے ملزمان پرہلکا ہاتھ کیوں رکھیں؟ ضمانت تب ہی ملتی ہے جب ٹھوس شواہد نہ ہوں جبکہ لیاقت قائم خانی کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

وکیل نے کہا لیاقت قائم خانی پرصرف اعتراف نہ کرنے کا الزام ہے، 70 سالہ لیاقت قائم خانی پندرہ ماہ سے جیل میں ہیں۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی