وفاقی وزیر عمر ایوب سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات

Published On 06 January,2021 05:27 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر اور سیکریٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پٹرولیم اور توانائی کے شعبے میں پاکستان اورسعودی عرب کے مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیرنے پاکستان کی معاشی ترقی کے فروغ کے لئے متنوع شعبوں میں موجودہ حکومت کی طرف سے متعارف کروائی جانے والی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور اس سے ہونے والی توانائی سیکٹر میں ترقی سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے شعبے کی متنوع مارکیٹ ملک کی معاشی نمو اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔ حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے نئی قابل تجدید توانائی پالیسی کے تحت توانائی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور تیل اور گیس کے شعبے میں ایکسپلوریشن اور پروڈکشن سے متعلق سرگرمیوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔

سعودی سفیر نے کہا کہ وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاک سعودی منصوبوں کے لئے کی جانے والی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ حکومت پاکستان دونوں مسلم برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرتی رہے گی۔