اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ غریب پاکستانیوں کے ٹیکس کا پیسہ سیاسی انتقام کی نذر کر دیا گیا، اس کا حساب کون لے گا؟ آج نہیں تو کل اس کا حساب لیا جائے گا۔
سینیٹر پرویز رشید سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی حماقت اور عمران خان کے بے بنیاد الزامات کی وجہ سے پاکستان کو برطانوی کمپنی کو سات سو کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام لینے کے لیے اربوں روپے ضائع کیے گئے۔ کیا کوئی ہے جو چیئرمین نیب سے یہ سوال کرے۔ یہ بدعنوانی کی کونسی قسم ہے؟ 700 کروڑ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ تھا۔ براڈ شیٹ کمپنی جھوٹے الزامات لگا رہی ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی، (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمان کو عوام کی نظروں سے گرانے کے لیے کروڑوں لگائے گئے۔ لندن کی عدالت نیب نہیں تھی، وہاں انصاف ہوا، جرمانہ ادا کرنا پڑا، ابھی مزید جرمانے ادا کرنے پڑیں گے۔ آج سرخرو کون ہوا؟ جسے ثاقب نثار نے صادق اور امین یا جسے نااہل قرار دیا گیا۔