ملتان: اندرون شہر کے 3 تاریخی دروازوں کے نشانات مٹ گئے، باقی تین کی حالت بھی مخدوش

Published On 14 January,2021 10:08 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث اندرون شہر کے تاریخی دروازوں میں سے تین دروازوں کے نشانات تک مٹ گئے جبکہ باقی تین دروازوں کی صورتحال بھی خراب ہے۔

اولیائے کرام کی سرزمین ملتان میں اندرون شہر کی پہچان چھے تاریخی دروازے ہیں جن میں بوہڑ گیٹ، حرم گیٹ، پاک گیٹ، دہلی گیٹ، دولت گیٹ اور لوہاری گیٹ شامل ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث تین دروازے خستہ حال ہونے پر گرا دئیے گئے ہیں جبکہ باقی تین دروازوں کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں جس کے حوالے سے اندورن شہر کے مکین بھی پریشان ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا موقف ہے کہ اندرون شہر کے دروازوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش بیوٹیفیکشن پلان کا حصہ ہے جس پر جلد کام شروع کر کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنا لیں گے۔

گرائے گئے تاریخی دروازوں کی جگہ پختہ تجاوزات اور خستہ حال دروازوں کے اردگرد عارضی تجاوزات کی بھرمار ہوچکی ہے اور رہی سہی کسر مختلف سیاسی جماعتوں کے حامیوں نے دروازوں پر پینا فلیکس لگا کر پوری کر دی ہے جس کا اندرون شہر کے مکینوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement