پی ڈی ایم کا آج الیکشن کمیشن کے سامنے عوامی طاقت کا مظاہرہ

Published On 19 January,2021 10:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم آج الیکشن کمیشن کے سامنے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، فضل الرحمان، مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کی شرکت شیڈول ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 27 فروری کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں اداروں کی مداخلت ختم ہونی چاہیے، ہمارا کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں۔ پی ڈی ایم قیادت کا کہنا تھا کہ 21 جنوری کو کراچی میں  اسرائیل نامنظور  ملین مارچ ہوگا، راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی جلسہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اسلام آباد نے الیکشن کمیشن دفتر کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد نے الیکشن کمیشن حکام کو سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی نگرانی میں 1800 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ 5 ایس پی، 10 ڈی ایس پیز بھی امن و امان کے فرائض سرانجام دیں گے۔ احتجاج اور ریلی کے شرکاء اپنی گاڑیاں کنونشن سینٹر کی پارکنگ میں کھڑی کریں گے اور پیدل الیکشن کمیشن آئیں گے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کے لیے متبادل روٹ بھی جاری کر ے گی۔
 

Advertisement