اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ایک نادر موقع تصور کرتا ہے۔ بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا خطے میں امن واستحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے پرامن، جامع اور دیرپا حل کا خواہشمند ہے۔ پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے کے حوالے سے مشترکہ ذمہ داری کے تحت مصالحانہ کردار ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے افغان ہم منصب کے ساتھ معمولی جرائم کی پاداش میں افغانستان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔