اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے پلوامہ ڈرامہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے رچایا، ارنب گوسوامی کی 'چیٹ' منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا۔
وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کا اصلی چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے، ڈوزئیر میں بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دیئے، ای یو ڈس انفولیب انکشافات نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی، ارنب گوسوامی کی چیٹ منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، بھارت نے پلوامہ ڈرامہ، سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا۔
پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے ہیں، پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے، کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کے طالب علموں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کیلئے، ملکی معیشت کیلئے صحیح قدم نہیں، کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی، وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہے، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے، لانگ مارچ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی گو مگو کا شکار ہے، پی ڈی ایم بیانیہ پاکستان دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے۔