بھارتی یوم جمہوریہ کو کشمیری عوام نے یوم سیاہ کے طور پر منایا

Published On 26 January,2021 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی یوم جمہوریہ کو کشمیری عوام کی جانب سے یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئی۔

تفصیل کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے مظالم اور جمہوری حقوق پر قدغن کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔

اس موقع پر ملک بھر میں مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک شہریوں نے احتجاج کیا، آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور ریلیاں نکالیں۔

بھارت مخالف ریلیوں کے شرکا کا کہنا تھا کہ طاقت کے زور پر کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے والے کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ادھر یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت چکوٹھی، وادی نیلم، باغ، حویلی، راولا کوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبھر میں بھی بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔

خیال رہے کہ نام نہاد سیکولرازم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بھارت میں آج ہندوتوا کا راج ہے، وہاں اقلیتیں بدحالی کا شکار ہیں۔ بھارت کے حالات قائداعظم کی بصیرت کو صحیح ثابت کرتے نظر آتے ہیں۔

ہمسایہ ملک کا شمار انسانی زندگی کے حوالے سے دُنیا کے خطرناک ترین ممالک میں ہونے لگا ہے۔ ایسے میں ریپبلک ڈے کی تقریبات خود فریبی اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔

بھارت کا آئین سیکولر ریاست کی بات کرتا ہے مگر اقلیتوں کے لیے زمین تنگ ہو چکی ہے اور وہ دوسرے درجے کے شہری بن کر رہ گئے ہیں۔ 26 جنوری کا سورج ایک ایسے بھارت پر طلوع ہوا جس کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔


ہندوستان تقسیم ہو رہا ہے۔ خلفشار اور انتشار کا دوسرا نام مودی سرکار ہے۔ اقلیتیں ہوں یا مقبوضہ وادی، کسان احتجاج ہو یا جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ، ہندوستان میں آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں۔

نئے شہریت بل نے لوگوں کو اپنی شناخت کے حوالے سے پریشان کر رکھا ہے۔ مودی نے لاکھوں مسلمان شہریوں کو ہندوستانی ریاست سے بے دَخل کرکے پناہ گزین بنا دیا۔

دہائیوں تک ہندوستان کی خدمت کرنے والے سائنسدان، شعرا اور آرٹسٹ اپنی شناخت کھو بیٹھے ہیں۔ یہ شائننگ انڈیا ہے یا پھر ریپستان، جہاں غیر ملکی سیاح بھی محفوظ نہیں ہیں۔

بالی وڈ کا سافٹ امیج تار تار ہو چکا ہے۔ فلم انڈسٹری بھی بی جے پی کے زیرِ عتاب ہے۔ مودی فلموں میں بھی آزادی کے نعروں سے خوفزدہ ہے۔ حال ہی میں تن دیو نامی فلم کے خلاف مُودی حکومت نے ایف آئی آر کٹوا دی۔

بھارتی فوج بھی آر ایس ایس کے آلہ کار نریندر مودی کے تحت سیاسی اور متنازع ہو چکی ہے۔ بھارتی فوجیوں میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے اور خودکشی کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارت نے اپنے جنگی جنون کی وجہ سے گزشتہ سال پہلے پاکستان اور بعد میں چین کے ہاتھوں ذلت کا سامنا کیا۔ ای یو ڈس انفولیب رپورٹ نے بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے اور ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی اورانتشار پھیلانے کے ناپاک ارادوں کو بھی عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔