ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاہدہ کب ہوا؟ کس نے کیا؟ پی ٹی آئی اس کی ذمہ دار نہیں ہے۔ جب انکوائری کمیشن بیٹھے گا تو سب کچھ بے نقاب ہو جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کا ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیجنے چلی تھی اور اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے غیر فطری اور مصنوعی اتحاد کی قلعی کھل چکی ہے۔ اپوزیشن کے اندر خاصی بے چینی ہے۔ اس کا شیرازہ بہت جلد بکھرنے کو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں جتنی جماعتیں اتنے بیانیے، ان میں کوئی یکسوئی نہیں، اپوزیشن اتحاد کا موقف تضادات سے بھرا ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ باشعور عوام نے پی ڈی ایم کے کھوکھلے نعروں اور جلسے جلوس کی احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، پارلیمنٹ میں عدم اعتماد تحریک لانے کا شوق پورا کرلے۔ ہم اور ہمارے حلیف تحریک عدم اعتماد کا سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی انداز میں مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے،
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے حوالے سے ہم چاہتے ہیں کہ شفاف تحقیقات ہوں۔ براڈ شیٹ معاہدہ کب ہوا؟ کس نے کیا؟ پی ٹی آئی اس کی ذمہ دار نہیں ہے۔ جب انکوائری کمیشن بیٹھے گا تو سب کچھ بے نقاب ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر پچھلے ڈھائی سالوں میں ہمیں بہت سی کامیابیاں ملی ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔