اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اخباری خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کیا وزیراعظم کا اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینا آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ہے، ایڈووکیٹ جنرلز اور اٹارنی جنرل حکومت سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کریں، اگر ترقیاتی فنڈز آئین قانون کے مطابق ہوئے تو ٹھیک ورنہ کارروائی ہوگی۔
جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ بینچ بنانے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کیا جائیگا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ حکومت سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کریں گے، جو بھی کریں گے قانون، آئین اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں ہوگا۔ جسٹس قاضی فائز کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے معاملے کی مزید سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کر دی۔