ڈیلی میل کیس: برطانیہ کی عدالت نے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا

Published On 05 February,2021 08:53 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی عدالت نے ڈیلی میل سے متعلق ابتدائی فیصلہ سناتے ہوئے اخبار کی خبر کو ہتک عزت قراردے دیا اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران کی درخواست پر ابتدائی سماعت کا فیصلہ سناتے ہوئے فیصلہ لیگی صدر کے حق میں دیدیا۔ مزید تفصیلی سماعت بعد میں ہوگی، عدالت نے ڈیلی میل کے مضمون کو سنگین نوعیت کی ہتک عزت قراردے دیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے صحافی ڈیوڈ روز اور برطانوی اخبار ڈیلی میل پر ہتک عزت کے دعوے کی سماعت شروع ہوئی۔

برطانوی عدالت کے جج جسٹس میتھیو نکلین نے ابتدائی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈیل میل کے مضمون میں لکھے الفاظ شہباز شریف کی ہتک عزت کا باعث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے بالآ خر 6 ماہ بعد اپنا عہد پورا کر دیا

جسٹس نکلین نے کہا کہ مضمون میں کہا گیا کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے، مضمون میں کہا گیا کہ متاثرین میں برطانوی ٹیکس دہندگان بھی شامل ہیں،مضمون میں کہا گیا کہ شہبازشریف اورعلی عمران کرپشن سے مستفید ہوئے۔ مضمون میں کہا گیا کہ شہبازشریف منی لانڈرنگ سے بھی مستفید ہوئے، مضمون میں شہبازشریف کو یوکے ڈیفڈ کا پوسٹربوائے کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف پاکستان میں ہونے والی کارروائی کے بارے میں جان بوجھ کرکچھ نہیں پڑھا۔ ڈیلی میل کے وکلاء نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات بہت محدود اور مفروضوں پر مبنی تھے، شہبازشریف لاہور میں محل جیسے گھرمیں رہتے ہیں۔

میل کے وکلا نے تسلیم کیا کہ شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا کوئی الزام نہیں۔ میل کے وکلا نے مشیر احتساب شہزاد اکبر کے بیان کا حوالہ بھی دیا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے، شہزاد اکبر کے مطابق فنڈزسے غبن کی گئی رقم برآمد بھی کی گئی ہے، غبن کے پیچھے کون ہے، پاکستان میں تفتیش اگلےمرحلے میں پہنچ چکی ہے،ہماری معلومات محدود ہیں۔

اس موقع پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ اخبار کا مضمون شواہد کے بجائے مکمل طور پر بے بنیاد الزامات پرمشتمل تھا، مضمون میں شہباز شریف کی توہین کی گئی ہے، مضمون میں پہلے شہباز شریف اوربرطانوی حکومت کے رابطوں کی مثال دی گئی پھر کرپشن کے الزامات لگائےگئے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا برطانوی اخبار کیخلاف مقدمہ، دنیا نیوز نے دعوے کی کاپی حاصل کرلی

شہباز شریف کے وکلا کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کا مضمون جھوٹ پر مبنی تھا، شہباز شریف نے ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔

ڈیلی میل کے وکلا نے کہا کہ ڈیلی میل نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا براہ راست الزام نہیں لگایا، شہباز شریف پر تفصیلی شواہد کافی حد تک مفروضوں پر مبنی تھے لیکن ان کی بنیاد ان کا پرتعیش گھرہے۔

سائمن شیرون کیو سی نے کہا کہ عمران علی یوسف نے کوئی کرپشن نہیں کی، ڈیلی میل نے بے بنیاد الزامات لگائے، عمران علی پر یہ الزامات، شہباز شریف کا رشتہ دار ہونے کی وجہ سے لگائے گئے۔

Advertisement