اسلام آباد: (دنیا نیوز) ضلع کچہری میں غیر قانونی چیمبرز گرانے پر وکلا کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تمام عدالتیں تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ضلع کچہری میں غیر قانونی چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا آپے سے باہر ہو گئے اور اسلام آباد ہائیکورٹ پر دھاوا بول دیا۔
مشتعل وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا جس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعدد وکلا کو گرفتار کر لیا۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلا کی جانب سے مذاکرات کے لیے مطالبات سامنے آ گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے گرفتار وکلا کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرائے گئے چیمبرز کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ چیمبرز کی تعمیر کے ساتھ فی چیمبر پانچ لاکھ ہرجانہ بھی ادا کریں۔
وکلا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد، متعلقہ ایس پی اور سیشن جج کو اسلام آباد سے ٹرانسفر کرایا جائے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کی منتقلی تک ایف ایٹ میں فٹبال گراؤنڈ کے باقی اراضی پر بھی ینگ لائرز کے لیے چیمبر بنائے جائیں۔ ڈسٹرکٹ کورٹس جہاں پر منتقل ہو رہے ہیں وہاں وکلا چیمبرز کے لیے دس ایکڑ اراضی زمین دی جائے۔