'میثاق جمہوریت میں شو آف ہینڈ پر اتفاق ہوا، آج وہی جماعتیں خفیہ پولنگ کیلئے صف آرا ہیں'

Published On 18 February,2021 12:04 pm

پشاور: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت میں شو آف ہینڈ پر اتفاق ہوا تھا، آج وہی جماعتیں خفیہ پولنگ کیلئے صف آرا ہیں، ہارس ٹریڈنگ کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ ٹکٹ دینے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں، سینٹ الیکشن میں موقف واضح ہے، سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جتنی سیٹیں بنتی ہیں وہ جیتیں گے، بیرون ملک رہنے والوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جائے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر مسائل کے حل کے لیے کوشش کرتا رہوں گا،ہمارے ہاں کوئی شاہ خرچی نہیں ہوتی، احساس پروگرام معاشی طور پر کمزور طبقے کے لیے دیا گیا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ماضی میں معاشی طور پر کمزور افراد کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، سندھ میں صحت کے نظام کی صورتحال خراب ہے، صحت کارڈ پروگرام پنجاب میں بھی جاری ہے، صحت کارڈ بلا تفریق ہر شہری کیلئے ہے، جہاں ہماری حکومت نہیں وہاں بھی صحت کارڈ بلا تفریق دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار بھی کیا۔
 

Advertisement