کراچی: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک جرم چھپانے کیلئے دوسری غلطی کرنےجا رہی ہے، حکومت سینٹ الیکشن کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ان کے اپنے ارکان نہیں ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت نے گھناؤنا کھیل شروع کیا ہے، اداروں کو آمنے سامنے کھڑا کر دیا، اپنے ارکان اسمبلی کو قابو میں رکھنے کیلئے الیکشن کو متنازعہ بنایا گیا۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں صدارتی آرڈیننس زیر سماعت ہے، عدالت نے فیصلہ کیا کہ سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوگا تو آرڈیننس کی کوئی وقعت نہیں رہے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض تاخیری حربے ہیں، پہلے بھی الیکشن لڑا، اس وقت کوئی آبجیکشن نہیں لگی تھی، حکومت اور اپوزیشن کے نمبرز میں بہت کم فرق ہے، سینیٹ الیکشن میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، سابق وزیراعظم کی کامیابی کے چانسز زیادہ ہیں۔