سینیٹ انتخابات: یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ

Published On 17 February,2021 05:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ آفیسر کین جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔

دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ، ثانیہ نشتر، بیرسٹر علی ظفر، سائرہ افضل تارڑ، زاہد حامد، اعظم نذیر تارڑ، کامل علی آغا، فرحت اللہ بابر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، پلوشہ خان، غفور حیدری، سرفراز بگٹی سمیت بیشتر امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق ایوان بالا کے انتخابی معرکہ سے پہلے امیدواروں کی سکروٹنی کا مرحلہ جاری ہے۔ بیشتر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی الیکشن لڑ سکیں گے یا نہیں؟ ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی نے اعتراضات داخل کئے۔ جوابی دلائل میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ نے علامتی سزا دی تھی، نااہلی کی مدت 2017ء میں ختم ہو چکی ہے، کسی الزام یا زیر سماعت مقدمہ پر نااہلی نہیں بنتی۔

ادھر اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کے کاغذات منظور ہو گئے ہیں تاہم لاہور سے پرویز رشید کے کاغذات کی منظوری لٹک گئی ہے۔ تحریک انصاف نے لیگی امیدوار پر ٹیکس اور آمدن گوشواروں میں غلط بیانی اور
پنجاب ہاؤس کا ڈیفالٹر ہونے کا الزام لگایا ہے۔

ریٹرننگ افسر نے لیگی رہنما کو جواب داخل کرانے کیلئے ایک روز کی مہلت دے دی ہے۔ نواز لیگ کے زاہد حامد، سائرہ افضل تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، سیف الملوک کھوکھر، پی ٹی آئی کے سیف اللہ نیازی، عمر چیمہ، ظہیر عباس کھوکھر اور ڈاکٹر زرقا کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔

کراچی سے پیپلز پارٹی کےسلیم مانڈوی والا، تاج حیدر، جام مہتاب، کریم خواجہ، صادق میمن، شیری رحمان اور پلوشہ خان کے کاغذات منظور ہوئے۔

پشاور سے پی ٹی آئی کی ثانیہ نشتر، شازیہ طہماس، ہدایت اللہ، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، نجیہ اللہ خٹک اور پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر الیکشن لڑنے کے اہل قرار پائے۔

کوئٹہ سے سرفراز بگٹی، عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ اور عبدالقادر سمیت 13 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔

 

Advertisement