تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردئیے

Published On 16 February,2021 05:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے اسلام آباد سے پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دئیے ہیں۔

الیکشن کمیشن دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا اور وہ آرٹیکل 62 پر بھی پورا نہیں اترتے۔

یہ درخواست پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل نہیں، ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن فہرست کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے کل 170 امیدواروں نے کاغذت نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ 52 امیدواروں کیساتھ پہلے، مسلم لیگ ن 19 امیدوروں کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی 18 امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد سے پیپلز پارٹی کا ایک، پی ٹی آئی کے 5 اور مسلم لیگ ن کے 4 امیدوار میدان میں ہیں۔

سندھ سے پیپلز پارٹی 14، ایم کیو ایم 10، پی ٹی آئی 12، جی ڈی اے 2 اور تحریک لبیک ایک امیدوار کیساتھ میدان میں ہے۔ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی 23 پیپلز پارٹی، ن لیگ اور اے این پی کے 3،3، جے یو آئی 8، جماعت اسلامی نے 1 امیدوار میدان میں اتارا ہے جبکہ 9 امیدوار آزاد ہیں۔

بی اے پی کے بلوچستان سے 16، پی ٹی آئی نے 2، جمیعت علمائے اسلام اور بی این پی مینگل نے 5،5 بی این پی عوامی نے 2، اے این پی نے 3، آزاد امیدوار 2 جبکہ جمہوری وطن پارٹی اور ہزارہ ڈویلپمنٹ پارٹی کا 1،1 امیدوار سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہا ہے۔

 

Advertisement