کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے سکول ایجوکیشن بورڈ نواب شاہ کیلئے گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔ نئے تعلیمی سال سے اساتذہ کے تبادلے پر پابندی ختم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سکول ایجوکیشن بورڈ نواب شاہ کیلئے گاڑیوں کی خریداری پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگائی ہے، حکومت ایمبولینسز اور ریسکو گاڑیاں بھی خرید نہیں پا رہی۔
کابینہ نے بورڈ کیلئے گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی۔ سپریم کورٹ میں پابندی ہٹانے کیلئے درخواست دی جائے گی۔ محکمہ زراعت کو سولر ٹیوب اور زرعی آلات پر سبسڈی کی منظوری بھی دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا سندھ حکومت صرف چھوٹے کاشتکاروں کو سبسڈی دے۔ کوسٹل ڈولپمنٹ اتھارٹی کی محکمہ جنگلات کی اراضی کیلئے کابینہ کو درخواست دی گئی۔ کابینہ نے سی ڈی اے کو 3000 ایکڑز اراضی پر درخت لگانے کی منظوری دیدی۔
کابینہ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، مشیران، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے۔