این اے 75 میں بدانتظامی: کمشنر اور آر پی او کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ

Published On 25 February,2021 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈسکہ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی الیکشن تنازع کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے انھیں عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔

اس کے علاوہ ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ، اے سی اور ایس ڈی پی او ڈسکہ کی معطلی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دیگر لوگوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لیے سٹیبشلمنٹ ڈویژن کو لکھ دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو ضمنی انتخابات کے دوران اپنے فرائض سے غفلت برتنے پر 4 مارچ 2021ء کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ کو ان کے موجودہ عہدوں سے تبدیل کرکے گوجرانوالہ ڈویژن سے باہر بھجینے کی ہدایت کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو بھی یہ حکم دیا ہے کہ ڈپٹی کمشز سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ، ڈی ایس پی سمبڑیال اور ڈی ایس پی ڈسکہ کو معطل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ ان افسران کو آئندہ کے لئے کسی الیکشن ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے، ان تمام افسران کے خلاف الیکشن کمیشن خود انکوائری کرے گا۔
 

Advertisement