اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ قانونی طور پر الیکشن کمیشن رزلٹ روکنے کا مجاز نہیں، مسلم لیگ ن کو 23 پولنگ سٹیشن پر اعتراض ہے تو وہاں دوبارہ الیکشن کرالے، مسلم لیگ ن بار بار اپنا موقف تبدیل کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد ادارہ ہے، ہم اس کا احترام کرتے ہیں، ہمیں الیکشن اصلاحات کی طرف جانا ہوگا، ہم الیکٹرانک ووٹنگ لانے جا رہے ہیں، وزیراعظم نے ہمیشہ شفاف انتخابات کیلئے کوششیں کیں، 23 پولنگ سٹیشنز پر اعتراض پر تحریک انصاف نے دوبارہ الیکشن کی پیشکش کی، مسلم لیگ ن بار بار اپنا موقف تبدیل کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ کی طرح اپنا بیانیہ تبدیل کیا، ڈسکہ کے عظیم لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا، تمام نتائج یہ لوگ تسلیم کر چکے تھے، 337 پولنگ سٹیشن پر پہلے ن لیگ کو کوئی اعتراض نہیں تھا، آج الیکشن کمیشن میں ان لوگوں نے بڑا یوٹرن لیا، ڈسکہ کے لوگوں کے فیصلے کا دفاع کریں گے، الیکشن کمیشن پر ہمیں پورا اعتماد ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد ملہی نے کہا کہ آر او نے اپنا بیان دے دیا ہے، ڈسکہ الیکشن بہت اچھا ہوا، جیت پی ٹی آئی کی ہوئی، جلد فیصلہ عوام کے سامنے آجائے گا، مسلم لیگ ن کے کارکنان نے حلقے کا امن و امان برباد کیا۔