اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد اور خشک رہے گا۔ اس دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ تاہم کشمیر، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کوٹلی 31، راول اکوٹ 21، اننت ناگ 19، سری نگر 09، منگلا 03، سکردو اور استور میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ منفی 07، استور، کالام منفی 05، قلات منفی 04، پارا چنار منفی 03، سکردو، بگروٹ، کوئٹہ منفی 02، اننت ناگ اور دیر میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔