اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کیلئے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے صدر مملکت عارف علوی کی طرف سے بلائے گئے قومی اسمبلی اجلاس کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ارکان کو اجلاس کے وقت سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان لابی میں اکٹھے ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام ارکان کو قومی اسمبلی کارڈ لازمی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، کل ارکان کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے حکومتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 175 ارکان شریک ہوئے جبکہ 4 ارکان غیر حاضر رہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی، کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عامر لیاقت، جھنگ سے پی ٹی آئی کی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ شریک نہیں ہوئیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چوتھے ارکان اسمبلی کا نام باسط بخاری ہے جن کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے رولز پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رولز کے مطابق مخالفت کرنے والے ارکان ڈی سیٹ ہو سکتے ہیں۔