اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم نے وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں۔
یہ یقین دہانی ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر انھیں کرائی۔ ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں لیکن ہم وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ عمران خان کرپشن نہ کرتے ہیں اور نہ اس کو پسند کرتے ہیں۔ ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈیلیور کر سکیں۔
ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہماری وزیراعظم سے کوئی ڈیمانڈ نہیں، مگر کراچی اور سندھ میں مشاورت میں شامل کیا جائے جبکہ بلدیاتی نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم وفد کی تجاویز کو سراہا اور ہدایت جاری کی کہ سندھ اور کراچی کے امور میں ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ (ق) کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں عبدالحفیظ شیخ کو بھی ووٹ دیا تھا، اب وزیراعظم کو بھی دیں گے۔
لیگی وفد میں طارق بشیر چیمہ،حسین الہٰی، چوہدری سالک اور فرح خان بھی شریک تھیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ق) لیگ کے اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہو چکا ہے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہیں۔ اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ وزیراعظم اپنا منشور اور مقصد ارکان کے سامنے رکھیں گے۔